افغانستان: طالبان نے ضلعی پولیس سربراہ کے پورے گھرانے کو دھماکے سے اڑا دیا

437

دو صوبوں میں ہونے والے بم دھماکوں میں خواتین و بچوں سمیت 14 افراد جانبحق ہوگئے ۔

ٹی بی پی رپورٹر کے مطابق افغانستان کے صوبے فراہ کے ضلع انار درہ کے پولیس سربراہ کے تمام گھر والوں کو طالبان نے بم دھماکے سے  نشانہ بنایا۔

دھماکے میں ضلعی پولیس سربراہ کی اہلیہ ، تین بیٹی اور دو بیٹے جانبحق ہوگئے ۔

فراہ صوبے کے پولیس ترجمان محب اللہ محب نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان خواتین و بچوں کو سڑک کنارے بم دھماکے کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔

دوسری جانب بلخ صوبے کے ضلع چمتال میں ہونے والے ایک بم دھماکے میں آٹھ عام شہری مارے گئے ۔

بلخ گورنر کے ترجمان منیر احمد فرہاد نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے عام شہریوں کی ہلاکت کا ذمہ دار طالبان کو ٹھہرایا۔

تاہم طالبان نے فراہ اور بلخ  صوبوں میں ہونے واقعات کے حوالے سے کسی بھی قسم کی تردیدی یا تصدیقی بیان جاری نہیں کیا ہے ۔

افغانستان میں امن کے قیام کےلئے قطر میں جاری مذاکرات کے حوالے سے دعوی کیا جارہا ہے وہ کسی حتمی نتیجے کے قریب پہنچ چکے ہیں،  تاہم افغانستان میں تشدد کے واقعات میں بھی کافی اضافہ ہوا ہے ۔