ہانگ کانگ مظاہرے: سرگرم کارکن گرفتار

183

ہانگ کانگ میں جمہوریت کے حق میں مظاہرے کرنے والے سرگرم کارکن جوشوا وونگ کو مظاہروں کی منصوبہ بندی کرنے کے شبہ میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

جوشوا وونگ جمہوریت کے حق میں ہونے والے 2014 مظاہروں کے روحِ رواں ہیں۔ اِن مظاہروں کی وجہ سے 79 دنوں تک ہانگ کانگ میں نظام زندگی مفلوج رہا تھا۔

جوشوا توہین عدالت کے جرم میں ہونے والی پانچ ماہ کی سزا مکمل کر کے جون میں ہی رہا ہوئے تھے، لیکن انہیں ایک مرتبہ پھر جمعے کو مظاہرین کو متحرک کرنے کے شبہ میں حراست میں لیا گیا ہے۔

اس سے قبل جمہوریت کے حامی دو دیگر کارکن اینڈی چن اور اینجس چو کو بھی امن و امان متاثر کرنے کے خدشے کے پیش نظر حراست میں لیا جاچکا ہے۔

وونگ کی سیاسی جماعت ‘ڈیموسستو’ کی طرف سے ٹوئٹ میں کہا گیا ہے کہ جوشوا کو سڑک پر کھڑی ایک گاڑی میں یک دم ڈال کر لے جایا گیا ہے۔

ٹوئٹ میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ جوشوا کو ‘وان چائے’ میں قائم پولیس ہیڈ کوارٹر منتقل کردیا گیا ہوگا۔ تاہم اُن کے وکلا اس کیس پر کام کر رہے ہیں۔

پولیس کی طرف سے وونگ کی گرفتاری سے متعلق کوئی بیان نہیں دیا گیا ہے۔

ہانگ کانگ میں جمہوریت کے حامیوں کے تین ماہ سے جاری مظاہروں کے باعث چین کی طرف سے جمعرات کو تازہ دم فوجی دستے تعینات کیے گئے ہیں۔ سرکاری میڈیا کے مطابق، فوجی دستوں کی تبدیلی معمول کی کارروائی ہے۔