کوئٹہ کے فاطمہ جناح اسپتال میں کانگو وائرس کے ایک اور مریض دم نے توڑ دیا جبکہ مزید 4مریضوں میں وائرس کی تصدیق ہوگئی۔
انچارج وبائی امراض ڈاکٹر صادق کے مطابق کانگو وائرس کا شکار مریضوں کا تعلق کوئٹہ سے ہے جبکہ اسپتال میں داخل دیگر دو مریضوں کی رپورٹ پیر تک موصول ہوگی۔
انچارج کانگو وارڈ کے مطابق کوئٹہ کے 65سالہ خان محمد کو تشویشناک حالت میں اسپتال داخل کیا گیا تھا جہاں خون کی رپورٹ میں مرض کی تشخیص ہوئی تھی۔مریض کو ناک اور منہ سے خون اور تیز بخار کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
انتظامیہ کے مطابق رواں سال بلوچستان میں کانگو سے متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر 19ہوگئی جبکہ جاں بحق افراد کی تعداد 4ہوگئی ہے۔واضح رہے کہ کانگو وائرس جانوروں کی جلد پر موجود ایک کیڑے کے کاٹنے سے پھیلتا ہے۔