کراچی سے صحافی منیب احمد ساحل کو کس نے لاپتہ کیا؟

198

کراچی سے ایک اردو روزنامے ’پیارا وطن‘ کے ایڈیٹر منیب احمد ساحل لاپتہ ہوگئے ہیں۔

34 سالہ منیب کی اہلیہ اصباح منیب نے انڈپینڈنٹ اردو کو ٹیلیفون پر بتایا کہ ہفتہ دس اگست کی صبح ساڑھے چار بجے کچھ باوردی اور سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکار کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں واقع ان کے گھر آئے اور ان کے شوہر منیب احمد ساحل کو اٹھا کر لے گئے۔

انہوں نے مزید بتایا: ’کچھ اہلکار سادہ کپڑوں میں تھے اور دو، تین اہلکار رینجرز کی وردی میں تھے۔ ان کے ساتھ ایک میجر لیول کا افسر بھی تھا۔ جب میں نے ان سے پوچھا کہ میرے شوہر کو کیوں لے کر جارہے ہیں تو رینجرز کی وردی والے افسر نے مجھے کہا کہ اب تم ان کی بازیابی کے لیے پٹیشن دائر کرنا اور پھر وہ میرے شوہر کو اپنے ساتھ لے گئے۔ تب سے ان کا کچھ پتہ نہیں کہ وہ کہاں ہیں۔‘

روزنامہ ’پیارا وطن‘ کراچی، اسلام آباد، سرگودھا اور خوشاب سے بیک وقت شائع ہوتا ہے جبکہ اخبار کی ویب سائٹ کے مطابق یہ اخبار 1989 سے باقاعدگی سے شائع ہو رہا ہے۔

اس اخبار کے مطالعے سے یہ اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اس میں سیاست، حکومت، کھیل اور دیگر خبروں کے ساتھ کراچی کی لینڈ مافیا کے خلاف خبریں نمایاں انداز میں شائع کی جاتی ہیں۔

جب اصباح منیب سے پوچھا گیا کہ ان کے شوہر کو اس طرح کیوں اٹھایا گیا تو انھوں نے بتایا کہ ’منیب احمد ساحل کے اخبار کے دو کارکنوں ڈیسک پر کام کرنے والے قیصر اور رپورٹر سلیم میمن کو کچھ اہلکار 15 جولائی کو اٹھا کر لے گئے تھے اور ان کے شوہر نے اپنے کارکنوں کی بازیابی کے لیے عدالت میں پٹیشن دائر کی ہوئی تھی۔‘

انہوں نے مزید بتایا: ’اس پٹیشن والے معاملے پر ایک صحافی شکیل راجپوت کئی دنوں سے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر میرے شوہر کے خلاف مہم چلا رہے تھے۔ اس کے علاوہ میرے شوہر نے مجھے بتایا تھا کہ ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر نے انہیں پانچ اگست کو فون پر دھمکی دی تھی کہ وہ انہیں جعلی پولیس مقابلے میں مروادیں گے، جس کے بعد میرے شوہر نے اے آئی جی پولیس سے ملاقات کرکے انہیں شکایت کی۔ اے آئی جی نے ان کی حفاظت کے لیے گارڈ دینے کی بھی پیشکش کی جو میرے شوہر نے قبول نہیں کی۔ اس معاملے پر ایک انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دی گئی تھی جو ابھی تفتیش ہی کر رہی تھی کہ میرے شوہر کو رینجرز والے اٹھا کر لے گئے۔‘

رواں سال کے دوران کراچی میں روزنامہ جنگ کے صحافی مطلوب موسوی، نجی نیوز چینل اب تک کے کیمرا مین سید علی مبشر نقوی اور نجی نیوز ایجنسی پی پی آئی کے صحافی شفقت سومرو کے بیٹے صفات سومرو بھی ’پراسرار طور پر لاپتہ‘ ہوچکے ہیں۔