ڈیرہ مراد جمالی/قلعہ عبداللہ: حادثات میں ایک شخص جانبحق، 12افراد زخمی

90

بلوچستان کے دو اضلاع میں پیش آنے والے حادثات میں ایک شخص جانبحق اور بارہ افراد زخمی ہوگئے۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ڈیرہ مراد جمالی میں مرکزی شاہراہ پر باراتیوں کی ویگن بے قابو ہوکر ہوٹل میں جاگھسی جس کے نتیجے میں دلہا اور دلہن سمیت 12 باراتی زخمی ہوگئے۔

باراتیوں کی گاڑی کو حادثہ ڈیرہ مراد جمالی کے علاقے کجلا لاڑو کے علاقے میں مرکزی شاہراہ پر پیش آیا جس کے نتیجے میں دلہا اور دلہن سمیت بارہ افراد زخمی ہوگئے جبکہ زخمیوں میں تین راہگیر بھی شامل ہیں۔

حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طورپر ڈیرہ اللہ یار منتقل کردیا گیا جن میں سے 3 زخمیوں کو تشویشناک حالت میں لاڑکانہ منتقل کیا گیا، انتظامیہ مزید کارروائی کررہی ہے۔

دریں اثناء ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے جنگل پیر علی زئی میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے ایک شخص نظام الدین جاں بحق ہوگیا، لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا گیا ہے۔