پشین: ٹریفک حادثات میں خواتین و بچوں سمیت 6 افراد جانبحق

116

بلوچستان کے ضلع پشین میں ٹریفک کے مختلف حادثات کے نتیجے میں 2 سگی بہنوں اور2 بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

جمعہ کے روز سہ پہر کوبوستان میں نیلئی کے قریب مسافر ویگن میں سوار دو سگی بہنیں مسمات بی بی زرغونہ اور بی بی نیازی دختران عبدالرحمن ویگن سے اتر کر روڈ کراس کررہے تھے کہ اچانک مخالف سمت سے آنیوالی گاڑی کی ٹکر سے دونوں بہنیں موقع پر جاں بحق ہوگیں۔ جاں بحق بچیوں کی عمریں بارہ اور چھ سال ہے۔لاشیں ہسپتال منتقل کرنے کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی۔

دریں اثناء پشین کے علاقے بندخوشدل خان کے قریب بالاوڑی کے مقام پر گاڑی اور موٹرسائیکل میں تصادم کے نتیجے میں موٹرسائیکل پر سوار چار افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جانبحق ہونیوالوں میں دو بچے بھی شامل ہیں۔

حادثے میں جانبحق ہونیوالوں کی شناخت انتالیس سالہ فیض اللہ ولد نجب الدین،بیالیس سالہ حیات اللہ ولد نجب الدین،آٹھ سالہ مدثر خان ولد حیات اللہ اور دس سالہ مزمل ولد فیض اللہ کے ناموں سے ہوئی ہیں۔

لیویز فورس نے لاشوں کو قبضے میں لیکر سول ہسپتال پشین منتقل کردیا جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاشوں کو ورثاء کے حوالے کردیا گیا۔