ٹوئٹر کے سربراہ کا اکاؤنٹ ہیک

181

سوشل میڈیا کی مقبول سائٹ ٹوئٹر کے شریک بانی اور چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) جیک ڈورسی کا اکاؤنٹ بھی ہیک ہوگیا۔

ٹوئٹر نے ایک ٹوئٹ کے ذریعے تمام صارفین کو آگاہ کیا کہ جیک ڈورسی کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک کرلیا گیا ہے۔ کمپنی کے مطابق جیک ڈورسی کے اکاؤنٹ سے نامناسب ٹوئٹس کی گئی ہیں جو نفرت انگیز مواد پر مبنی تھیں۔

ہیکرز نے تقریباً 20 منٹس میں ایک درجن سے زائد ٹوئٹس کیں جن میں ہٹلر کی تعرفیں بھی کی گئیں۔

ٹوئٹر ترجمان ایبونے ٹرنر کا کہنا ہے کہ نامناسب ٹوئٹس کلاؤڈہوپر کے ذریعے بھیجی گئی تھیں جو 2010 میں ٹوئٹر ایس ایم ایس سروس کو بہتر بنانے کے لیے متعارف کی گئی تھی۔

امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ ڈورسی کا اکاؤنٹ ان کا پاسورڈ کے بجائے کسی اختیاری تھرڈ پارٹی ایپ کے ذریعے سے ہیک کیا گیا۔

بعدازاں ٹوئٹر نے ایک اور ٹوئٹ کے ذریعے بتایا کہ اکاؤنٹ کو بحال کر لیا گیا ہے اور ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا کہ ہیکرز نے ٹوئٹر سسٹم کو متاثر کیا ہوا۔

جیک ڈروسی کے اکاؤنٹ کو 42 لاکھ فالوورز ہیں جب کہ وہ خود 4 ہزار سے زائد اکاؤنٹس کو فالو کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ چند سال قبل فیس بک کے بانی مارک زکر برگ کا ٹوئٹر اکاؤنٹ دو مرتبہ ہیک ہوا تھا۔