نواب بگٹی یوم شہادت، جرمنی میں سیمینار کا انعقاد

269

 جرمن شہر فرنکپورٹ مین میں شہید نواب اکبر خان بگٹی کے  یوم شہادت کی  مناسبت سے بی آرپی کی جانب  سے  سیمنار کا انعقاد ۔

ٹی بی پی رپورٹر کے مطابق سیمنار میں بی آر پی کارکنوں و رہنماوں سمیت بزرگ بلوچ شاعر واجہ صدیق آزاد، بی این ایم، ایف بی ایم، پشتون تحفظ موومنٹ کے قائدین، انٹرنیشنل فرینڈز آف سندھ، بی ایچ آر او کے سیکرٹری جنرل سمیت جرمنی میں مقیم بلوچ سیاسی کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

سیمنار میں شہید نواب اکبر خان بگٹی کی قربانی اور  جدوجہد پر روشنی ڈالی گئی۔

بلوچ دانشور واجہ صدیق آزاد بلوچ نے کہا کہ شہید نواب اکبر خان بگٹی کی شہادت کے بعد 26 اگست بلوچ قوم کے لیئے ایک اہم دن کی حیثیت اختیار کرچکا ہے، اس دن کو پوری بلوچ قوم نہایت احترام کے ساتھ یاد کرتی ہے۔

پچھلے تیرہ سالوں سے اس دن کے موقع پر بلوچستان و دنیا بھر میں پروگرامز کا انعقاد ہوتا ہے، شہروں میں اس دن کی مناسبت سے ہڑتال کی جاتی ہے، اس دن کو ایک تجدید عہد دن کی طرح منایا جاتا ہے۔

بی آر پی کے سربراہ نواب براہمداغ  بگٹی نے نواب صاحب کی شہادت کے حوالے سے ویڈیو کال کے زریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید نواب اکبر خان بگٹی نے پیران سالی میں بلوچ قوم اور بلوچ سرزمین کی دفاع کی خاطر عملی جدوجہد کی ،اور اپنی قیمتی جان کا نظرانہ پیش کرکے بلوچ قومی تحریک کو ایک ناقابل شکست کارواں میں بدل دیا جو تیرہ سال بعد بھی پورے زور و شور سے منزل کی جانب رواں دواں ہے۔

سیمنار میں بی این ایم کے نمائندہ اصغر بلوچ، ایف بی ایم کے بیبگر بلوچ، بی ایچ آر او کے عبداللہ عباس بلوچ،پشتون تحفظ موومنٹ کے صفدر خان، پاکستانی صحافی طحہ صدیقی، انڈین صحافی انشول سکسینا،پاکستانی دانشور پرویز ھود بھائی نے اپنے خیالات کا اظہار بھی کیا۔

اس کے علاوہ بی آرپی جرمنی کے صدر جواد احمد، بی آر ایس او کے سفیان بلوچ اور سابقہ بی آر پی جرمنی کے صدر اشرف شیرجان بلوچ نے نواب اکبر خان بگٹی کے حوالے سے اپنے اپنے مقالے پڑھکر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔