محرم الحرام کے موقعے پر بلوچستان بھر میں دفعہ 144 نافذ

202
File Photo

ڈبل سواری پر پابندی عائد، پابندی یکم تا 10 محرم الحرام تک ہوگی۔

محکمہ داخلہ و قبائلی امور بلوچستان نے یکم تا 10 محرم الحرام بلوچستان بھر میں دفعہ 144 کا نفاذ کرتے ہوئے ڈبل سواری اور ہر قسم کے اسلحہ کی نمائش، پوسٹرز اور وال چاکنگ و ماتمی جلوسوں کی راہ اور امام بارگاہوں کے قریب کی دکانو ں مکانات کی انتظامیہ سے اجازت لیے بغیر کرایہ داری پر مکمل پابندی عائد کردی ہے۔

محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق محرم الحرام کے دوران بلوچستان بھر ميں امن وامان کے لیے مذکورہ بالا اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

صوبائی وزیر داخلہ میر ضیااللہ لانگو نے محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی پلان کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطی اجلاس میں شرکت کرنے کے بعد دعویٰ کیا ہے کہ محرام الحرام کے دوران سیکیورٹی کے فل پروف انتظامات کیے گئے ہیں، کوئٹہ شہر کے تمام داخلی وخارجی راستوں پر سخت چیکنگ کی جارہی ہیں امن وامان کے قائم رکھنے کیلئے بی ایریا میں لیویز کے اہلکار جبکہ اے ایریا میں پولیس اہلکاروں کے علاوہ ایف سی اور بی سی فورس کے اہلکار اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔

اجلا س میں کمشنر مکران ڈویژن طارق زہری، کمشنر کوئٹہ عثمان خان و دیگر اعلیٰ آفیسران شریک تھے۔

صوبائی وزیر داخلہ نے ضلعی انتظامیہ کے آفیسروں کو یہ ہدایت کی کہ نان کسٹم پیڈ کالے شیشے والی گاڑیوں کی سختی سے چیکنگ کی جائے اور مذکورہ افراد کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے۔