قلات: گروہوں میں تصادم، ایک شخص ہلاک، خواتین سمیت 5 افراد زخمی

205

بلوچستان کے ضلع قلات کے سب ڈویژن منگچر میں ایک قبیلے کے ذیلی شاخ کے دوگروہوں میں اراضیات کے تنازعے پر مسلح تصادم، ایک شخص جانبحق جبکہ خواتین سمیت پانچ افراد شدید زخمی ہوگئے۔ انتظامیہ کی بروقت کارروائی،چھ افراد گرفتار اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق لیویز لائن قلات میں تحصیلدار منگچر معظم جتوئی، لائن آفیسر قلات لیویز جان محمد لانگو، محمد عمر محمد حسنی، منیر احمد،کیو آر ایف انچارج منگچر، عطا اللہ قادری و دیگر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے گرفتار ملزمان و برآمد شدہ اسلحہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ منگچر کلی سور جمندزئی میں اراضیات پر دیرینہ تنازعہ چلا آرہا تھا ایک ہی قبیلے کے ذیلی شاخوں میں مسلح تصادم ہوا جس کے نتیجے میں ایک شخص پیرداد ولد میرجان ہلاک جبکہ دو خواتین سمیت چھ افراد شدید زخمی ہوئے جن میں نور احمد ولد امیر حمزہ، عبدالمنہاد ولد محمد یوسف، ظہور احمد ولد میر احمد شامل ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ واقعے کی اطلاع ملنے پرلیویز اہلکاروں نے بھاری نفری کے ہمراہ علاقے کو گھیرے میں لیکر فائرنگ کے تبادلے کے بعد فائرنگ و جھگڑے میں ملوث چھ افراد جن میں محمد اشرف، منیر احمد، حافظ عبدالقیوم، محمد موسیٰ، شبیر احمداور حاجی احمد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے دو عدد کلاشنکوف اور راونڈز برآمد کرلیے جبکہ زخمیوں کو طبی امداد کے بعد مزید علاج کیلئے کوئٹہ ریفر کردیا گیااور اس حوالے سے مزید تفتیش لیویز کررہی ہے۔