قلات میں طوفانی بارش، ندی نالوں میں طغیانی

330

بلوچستان کے ضلع قلات کے شہر اور گردونواح میں طوفانی بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی آنے سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، کلی خالق آباد سمیت متعدد علاقوں میں کچے مکانات کو نقصان ہوا ہے جبکہ کلی پندرانی میں خانہ بدوشوں کے آبادی سیلابی ریلہ میں بہہ گئی۔ تحصیلدار قلات میر شوکت حمید لہڑی نے موقع پر پہنچ کر متاثرین کو خیمے اور راشن فراہم کردیئے۔

اطلاعات کے مطابق زیارت فیڈر کے بجلی کے پانچ کمبے گرگئے ہیں جبکہ بارش کی وجہ سے بجلی کی تمام فیڈرز ٹرپ کر جانے سے پورا شہر تاریکی میں ڈوب گیا۔ محکمہ موسمیات قلات نے صرف ایک گھنٹے میں چالیس ملی میٹر بارش ریکارڈ کیا ہے۔

گذشتہ روز شام پانچ بجے کے وقت صرف ایک گھنٹہ تک جاری رہنے والا تیز گرج چمک کے ساتھ بارش نے ہرطرف پانی ہی پانی کر دیا، شدید بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آنے سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے جس سے علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، شدید بارش سے زرعی زمینوں کے بندات بھی ٹوٹ گئے اور کلی پندرانی کے قریب واقع خانہ بدوشوں کی بستی میں سیلابی پانی داخل ہو گئی۔

مکینوں نے بھاگ کرجانیں بچائی، سیلابی ریلے سے آٹھ خانہ بدوشوں کا سامان سیلابی ریلے کی نظر ہوگیا تاہم ڈپٹی کمشنر شہیک بلوچ کی ہدایت پر تحصیلدار قلات میر شوکت حمید لہڑی موقع پر پہنچ کر آٹھ متاثرین کو خیمے اور راشن بھی فراہم کر دیئے۔