بارسلونا کلب کا کہنا ہے کہ ’بائرن کے پاس آپشن بھی ہوگی کہ وہ انہیں 12 کروڑ یورو فیس کے عوض خرید مستقل خرید سکے گی۔‘
بارسلونا کلب سے تعلق رکھنے والے فٹبالر فلپ کوٹینیو نے تقریبا ایک کروڑ امریکی ڈالرز کے عوض جرمنی کے فٹبال کلب بائرن میونخ میں ایک سال کے لیے شمولیت اختیار کر لی ہے۔ ہسپانوی کلب نے اس امر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ کھلاڑی کو مستقل طور پر خریدنے کی گنجائش بھی بائرن میونخ کے پاس موجود ہو گی۔
بارسلونا کلب کے مطابق ’جرمنی کا یہ کلب انہیں 12 کروڑ یورو فیس کے عوض مستقل طور پہ خرید بھی سکے گا۔‘
ستائیس سالہ برازیلین کھلاڑی نے جنوری 2018 میں 12 کروڑ یورو کے ایک معاہدے کے تحت لیورپول سے بارسلونا میں شمولیت اختیار کی تھی جس میں 4 کروڑ یورو کے اضافی اخراجات بھی شامل تھے۔
لیکن مذکورہ بین الاقوامی مڈ فیلڈر کھلاڑی کا وقت امیدوں کے برعکس بارسلونا کلب میں زیادہ اچھا نہیں گزرا۔ انہیں ابتدا میں مڈ فیلڈ (جہاں وہ برازیل کے لیے کھیلتے تھے) کھلایا گیا لیکن پھر انہیں فارورڈ کی پوزیشن پر بھیجا گیا جس سے وہ کچھ خاص بہتر فارم میں نہیں چل سکے تھے۔
کوٹینیو نے بائرن کی ویب سائٹ پر کہا کہ ’میرے لیے ایک نئے ملک میں یہ ایک نیا چیلنج ہے۔ یہ یورپ کے بہترین کلبوں میں سے ایک ہے۔ میں اس کے لیے پرجوش ہوں۔ بائرن کلب کی طرح میرے بھی اونچے اہداف ہیں اور مجھے یقین ہے کہ میں انہیں اپنے نئے ٹیم کے اراکین کے ساتھ حاصل کرسکتا ہوں۔‘
بائرن کلب کے سی ای او کارل ہینز رومینگی نے کہا کہ ’اپنی جدت اور زبردست صلاحیتوں کے ساتھ فلپ ایسے کھلاڑی ہیں جو ہمارے اٹیک کی صلاحیت کو کئی گنا بڑھا سکتے ہیں۔‘