جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور سابق سینیٹر حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے حکمران بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو اس لیے اعلیٰ اعزاز سے نواز رہے ہیں کیونکہ وہ گوادر بلوچستان کے منصوبہ سی پیک کی بندش اور ناکامی کا سہرا مودی کے سر باندھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک کے مخالفین امریکہ، بھارت، عرب امارات، بحرین وغیرہ ہیں اور کل بھوشن یادو جیسے کئی پاکستان مخالف عناصر اس میں شریک ہیں۔
بلوچستان کی ترقی کا ڈھنڈورا پیٹ کر نواز شریف نے سی پیک کو لاہور میں ”پیک“ کرلیا مگر موجودہ حکمران عمران احمد نیازی نے اپنے امریکہ یاترا سے پہلے سی پیک کو سرد خانے میں ڈال کر ٹرمپ کی خوشنودی حاصل کی جس پر ٹرمپ نے پاکستان کو ٹریپ کرکے ہمیں کشمیر کی ثالثی کی گولی دی جو نہ اگلی جاسکتی ہے اور نہ نگلی، ان دشمنان پاکستان اور اسلام کا بس چلتا تو یہ نریندر مودی نازی کے ساتھ عمران احمد نیازی کو یہی ایوارڈ دیتے۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے حکمران سمجھتے ہیں کہ گوادر پورٹ کی کامیابی اور سی پیک کی تکمیل کے بعد یو اے ای کی حالت کیا سے کیا ہوگی اس لیے وہ اورامریکہ، بھارت، بحرین وغیرہ سازشوں میں مصروف تھے،اور موجودہ حکمرانوں نے گوادر سی پیک کے تابوت میں آخری کیل ٹھوکنے کی کوشش کی ہے جس کی بھرپور مذمت کی جائے گی۔