زائد المعیاد اشیاء کھانے سے بچے اور دیگر افراد بیمار ہوگئے، واقعے کے خلاف ہمدرد معذوران کا احتجاج
بلوچستان کے ضلع صحبت پور میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے معذور افراد میں مبینہ طور پر زائد المعیاد اشیاء خرد و نوش تقسیم کی گئی جس کے باعث معذور افراد کے بچوں سمیت دیگر اہل خانہ بیمار ہوگئے، واقعے کے خلاف معذور افراد نے پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا۔
گذشتہ روز ضلعی انتظامیہ اور سوشل ویلفیئر کی جانب سے صحبت پور کے معذور افراد کو عید کے تحائف کے طور پر 90معذورافراد میں راشن تقسیم کیا گیا جن میں مبینہ طور پر زائد المعیاد اشیاء شامل تھے۔
ہمدرد معذوران کے ضلعی صدر خالد حسین کھوسہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ گزشتہ روز ہمیں ضلعی انتظامیہ ڈپٹی کمشنر صحبت پور اورڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئرکی جانب سے جو راشن دیا گیا اسے استعمال کرنے سے ہمارے بچے بیمارپڑگئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہم معذوروں کیساتھ اس طرح کا مذاق سمجھ سے بالاترہے۔ انتظامیہ یہ اشیاء اپنے بچوں کو کھلائے تو انہیں پتہ لگ جائے گا کہ کسی کے بچوں کی زندگیوں کیساتھ کھیلنا کتنا اذیت ناک ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم معذور بھی انسان ہیں اور اس معاشرے کا حصہ ہیں ہماری معذوری کو مجبوری نہ سمجھا جائے۔
واقعے کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی وضاحت نہیں کی گئی ہے۔