شہید نواب اکبر بگٹی کی برسی کے موقع پر حکمران اپنی بلوچ دشمن پالیسیوں کو ختم کریں – نیشنل پارٹی

269

نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری خیر بخش بلوچ اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات علی احمد لانگو نے جاری کردہ بیان میں شہید وطن نواب اکبر خان بگٹی کی برسی کے موقع پر ان کی قومی و سیاسی جدوجہد کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آمریت کے غرور نے بلوچ قومی رہنماء کو طاقت سے شہید کیا اور اس خواب غفلت میں مبتلا رہے کہ بزور قوت بلوچ سیاسی قومی رہنماؤں کو مرعوب کیا جاسکتا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ اسلام آباد کے حکمرانوں نے بلوچستان کو روز اول سے کالونی کی طرز پر حکومت کرنے کی کوشش کی اور بلوچستان کی ساحل وسائل کو غضب کرنے کے ساتھ بلوچ قوم کی قومی تشخص حق حاکمیت کو بھی مسخ کرنے کی منفی پالیسی پر عمل پیرا رہے اور اس کے لئے بلوچستان میں فوجی آپریشن کو جاری رکھا گیا سیاسی کارکنوں کی ماورائے قانوں گرفتاریاں کرکے سیاسی عمل کو روکنے کی کوشش کی، طبقاتی ناانصافی اور قومی نابرابری نے بلوچستان میں مایوسی اور عدم اعتماد کی فضا کو پروان چڑھایا۔

بیان میں کہا گیا کہ ریاستیں معاشی سماجی انصاف اور قوموں کی برابری کی حیثیت و حق اختیار کے اصولوں پر قائم ہوتی ہے اور عوام کی فلاح و بہود کے لئے اقدامات کرنا ریاست کی زمہ داری ہوتی ہے طاقت کا استعمال مسائل کو بڑھانے کا سبب بھی بنتی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ نیشنل پارٹی مسلمہ یقین رکھتی ہے کہ بلوچستان کا مسئلہ سیاسی ہے اور سیاسی مسائل کا حل مذاکرات سے نکلتی ہے پارٹی قائد ڈاکٹر مالک بلوچ بحیثیت وزیراعلیٰ مذاکرات کا سلسلہ شروع کیا تھا اس کو دوبارہ جاری رکھا جائے اور بلو چ قوم کے قومی وطنی حاکمیت اور بقاء کو تحفظ حاصل ہو۔ بیان میں کہا گیا کہ شہید نواب اکبر بگٹی جیسے زیرک سیاستدان کی برسی کے موقع پر حکمران اپنی منفی اور بلوچ دشمن پالیسیوں کو ختم کرتے ہوئے تلافی کریں۔