داعش نے کابل میں ہزارہ برادری پر حملے کی ذمہ داری قبول کرلی

323

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں گذشتہ رات شادی کی تقریب میں ہونے والے خودکش حملے میں 63 افراد جانبحق اور 180 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

حملے کی ذمہ داری عالمی دہشت گرد تنظیم داعش نے قبول کرلی ہے، تنظیم کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ خودکش حملہ ’ابو عاصم الپاکستانی‘ نے کیا۔

داعش کی جانب سے مبینہ خود کش حملہ آور کی تصویر بھی جاری کی گئی ہے۔

 خودکش حملہ کابل کے علاقے دارالامان میں ہزارہ برادری کے اکثریتی علاقے میں مقامی وقت کے مطابق رات دس بج کر چالیس منٹ پر ہوا۔

افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے صحافیوں کو دیئے گئے ایک پیغام میں اس دھماکے کی شدید مذمت کی اور اس میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسے بہیمانہ حملوں کے ذریعے جان بوجھ کر عورتوں اور بچوں کو نشانہ بنانے کا کوئی جواز نہیں ہے۔

افغانستان کے علاوہ بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں بھی اکثر اوقات ہزارہ برادری کو نشانہ بنایا جاتا ہے ۔

کوئٹہ میں ہونے والے حملوں کی ذمہ داری پہلے لشکر جھنگوی جبکہ گذشتہ عرصے سے داعش ہی کوئٹہ میں ہونے والے حملوں کی ذمہ داری قبول کرتا آرہا ہے ۔