حکومت کی جانب سے یقین دہانی کے بعد بھی میڈیکل کالجوں کی فہرستیں آویزاں نہیں کی جارہی – بی ایس او پچار

134

لورالائی، جھالاوان اور مکران کے میڈیکل کالجز میں داخلہ لسٹیں آویزاں کی جائیں – حمید بلوچ

بی ایس او پجار کے مرکزی چیئرمین حمید بلوچ، مرکزی سیکرٹری جنرل غلام حسین بلوچ، جونیئر وائس چیئرمین ملک زبیر بلوچ، مرکزی کمیٹی کے ممبر عابد عمر بلوچ، صوبائی جنرل سیکرٹری ابرار برکت بلوچ، صوبائی انفارمیشن سیکٹری نعیم بلوچ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان کے نیو میڈیکل کالجز لورالائی، جھالاوان، مکران، کے طلبا و طالبات کی میرٹ لسٹیں آویزاں کی جائیں، طلبا کئی عرصے سے پریس کلب کوئٹہ کے سامنے احتجاجی کیمپ لگائے بیٹھے ہیں طلبا و طالبات کا بہت وقت ضائع ہوچکا ہے جلد از جلد طلبا و طالبات کی میرٹ لسٹیں آویزاں کی جائیں تاکہ وہ اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں اور ملک و صوبے کی خدمت میں اپنا کردار ادا کرسکیں جن طلبا و طالبات کو اس وقت کلاسز میں ہونا چاہیئے تھا لیکن بدقسمتی کے ساتھ آج وہ روڈوں پر احتجاجی مظاہرہ کرنے پر مجبور ہے، طلبا و طالبات مایوس ہوچکے ہیں انہیں مزید مایوسی میں نہ دھکیلا جائے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ نوجوان بلوچستان کے سیندک اور گوادر سی پیک کے وارث ہے جو تعلیمی حقوق کے لئے بھی مظاہرے کرنے پر مجبور ہیں ان کا مطالبہ صرف اور صرف تعلیم ہے جو کہ ان کا بنیادی حق ہے بلوچستان حکومت نے ویسے تو تعلیمی انقلاب کے بڑے بڑے دعوے کیئے ہیں جو کہ ٹوئٹر و سوشل میڈیا پر ہی محدود ہے بلوچستان کے نیو میڈیکل کالجز متاثرین طلبا و طالبات لاوارث نہیں ہیں بی ایس او پجار ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

انہوں نے مزید  کہا کہ جب طلبا و طالبات نے کوئٹہ میں پرامن دھرنا دیا تھا تو گورنر بلوچستان کی طرف سے انہیں ایک ہفتے میں مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی کرواکر دھرنا ختم کروایا تھا لیکن تاحال بلوچستان کے نیو میڈیکل کالجز کے طلبا و طالبات کی داخلہ لسٹیں آویزاں نہیں کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بی ایس او پجار ان طلبا کی تعلیمی حقوق کی جدوجہد میں ہر وقت ان کا ساتھ دینے کے لئے تیار ہے ہمارا وزیراعلیٰ بلوچستان، گورنر بلوچستان سے مطالبہ ہے کہ جلد از جلد ان طلبا و طالبات کی میرٹ لسٹیں آویزاں کی جائیں تاکہ وہ علم سے روشناس ہو کر اپنے ملک اور قوم کی ترقی و خوشحالی میں کردار ادا کرسکیں۔