حاصل خان بزنجو کی طبیعت ناساز، اسپتال منتقل

427

نیشنل پارٹی کے سربراہ سینیٹر حاصل بزنجو کی طبیعت ناساز ہو گئی جس کے بعد ان کا کراچی کے ایک نجی اسپتال میں طبی معائنہ کیا گیا۔

خاندانی ذرائع نے سینیٹر حاصل بزنجو کو طبیعت خراب ہونے کے باعث اسپتال منتقل کیئے جانے کی تصدیق کی ہے۔

خاندانی ذرئع کا اس حوالے سے مزید کہنا ہے کہ حاصل بزنجو کینسر سے جنگ لڑ رہے ہیں، ان کی آج نجی اسپتال میں کیمو تھراپی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے سے قبل متحدہ اپوزیشن نے نیشنل پارٹی کے سربراہ سینیٹر حاصل بزنجو کو بطور چیئرمین سینیٹ نامزد کیا تھا۔

گذشتہ روز اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد ناکام ہو جانے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سینئر سیاستدان حاصل بزنجو کا ایک بیان بھی سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ آج پاکستان کے جمہوری دور کا سیاہ ترین دن ہے۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ یہ ان سب کی ہار ہے جو جمہوری جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں، خواہ وہ حکومتی اراکین ہوں یا اپوزیشن کی نشستوں پر بیٹھنے والے، بے مثل ہارس ٹریڈنگ آپ کی اور ہماری جان نہیں چھوڑے گی۔