ثناءاللہ زہری اپنے بھائی سمیت سینکڑوں بلوچوں کا قاتل ہے – قمبر خان مینگل

1504

 ذگر مینگل قبیلہ کے رہنماء میر قمبر خان ذگر مینگل نے اپنے جاری کردہ اخباری بیان میں حالیہ دنوں زہری جھالاوان میں پیش آنے والے دل خراش واقع کے ماسٹر مائنڈ ثناء اللہ زہری کی جانب سے تردیدی پریس کانفرنس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ثناء اللہ زہری کس منہ سے خود کو بے گناہ ثابت کررہے ہیں جبکہ ان کے ہاتھوں پر تو ان کے اپنے بھائی سردار رسول بخش زہری اور ہزاروں معصوم نہتے بلوچوں کے خون کے دھبے ہیں

انہوں نے کہا کہ ثناء اللہ زہری اپنے کئے ہوئے کو سردار اختر مینگل پر ڈالنے کی ناکام کوشش نہ کریں اختر مینگل نہ صرف مینگل قبیلے کا بلکہ تمام مظلوم بلوچوں کے نمائندہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وقت آنے پر اختر جان کے دست راست بن کر میدان میں اتریں گے انہوں نے کہا کہ نواب امان اللہ زہری ایک امن پسند سیاسی و قبائلی شخصیت تھے جبکہ ثناء اللہ روز اول سے جھالاوان میں فساد پھیلا رہے ہیں انہوں نے اس سے پہلے بھی بلوچی روایات کو پامال کرتے ہوئے نواب امان اللہ زہری کے گھر کو تین دفعہ مسمار کرکے چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپنے دور حکومت میں نوابزادہ میر بھٹے خان کے نواسے میر عرفان زرکزئی اور میر فرہاد زرکزئی کو زندان میں بند کردیا گیا اور اپنے دور فرعونیت میں شہید میر لونگ خان مینگل کی قبر اور میرے گھر کو بلڈوزر کرکے چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا ۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ شہید نواب امان اللہ کو قتل کرواکے ایک دفعہ پھر ثابت کیا کہ ثناء اللہ زہری جھالاوان میں امن کو ہضم نہیں کرسکتے وہ چاہتے ہیں کہ جھالاوان میں ہمیشہ کی طرح خون ریزی ہوتی رہے۔