بھارت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی

227

بھارت کی مرکزی حکومت نے پیر کو آئین کا آرٹیکل 370 ختم کر دیا جس کے بعد کشمیر کو حاصل خصوصی درجہ واپس لے لیا گیا ہے۔

وزیر داخلہ امِت شاہ نے آج راجیہ سبھا (بھارتی قومی اسمبلی) کے خصوصی اجلاس میں بتایا کہ صدر رام ناتھ کووند نے آرٹیکل 370 ختم کرنے کے حکم نامے پر دستخط کر دیے ہیں، جس کے بعد خطے کی خصوصی حیثیت آج ہی ختم ہو گئی ہے۔

اِمت شاہ نے ایوان میں کہا ’یہ قدم فوری طور پر نافذ العمل ہو گا۔‘

اس سے قبل بھارت نے کشمیر میں ہزاروں اضافی فوجی تعینات کرنے کے بعد آج صبح دفعہ 144 نافذ کر دی گئی تھی۔ اس کے علاوہ تعلیمی اداروں اور مواصلاتی نظام کو بند کرنے سے اندازہ ہو رہا تھا کہ بھارت کچھ بڑی کارروائی کرنے جا رہا ہے۔

وزیر داخلہ امت شاہ نے کابینہ اجلاس سے قبل وزیر قانون شنکر پرساد اور این ایس اے اجت دوول کے ہمراہ وزیر اعظم نریندر مودی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی، جس کے بعد یہ کہا جانے لگا تھا کہ امت شاہ کے خطاب کے بعد تمام تر صورتِ حال واضح ہو جائے گی اور ایسا ہی ہوا۔

واضح رہے بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 کی رُو سے جموں و کشمیر کی حدود سے باہر کسی بھی علاقے کا شہری ریاست میں غیر منقولہ جائیداد کا مالک نہیں بن سکتا، یہاں نوکری نہیں کر سکتا اور نہ کشمیر میں آزادانہ طور سرمایہ کاری کر سکتا ہے۔