بھارت نے لداخ ڈیم کے اسپل ویز کھول دیئے، پاکستان میں سیلاب کا خطرہ

320

بھارت نے  لداخ ڈیم کے اسپل ویز کھول دیئے، جس سے پاکستان میں دریائے ستلج میں پانی داخل ہوگیا، اضافی پانی پاکستان میں داخل ہونے سے حکام نے سیلاب کا خطرہ ظاہر کردیا۔

 ٹی بی پی رپورٹ کے مطابق بھارت کی جانب سے پاکستان میں اضافی پانی چھوڑنے سے پانی کی سطح ساڑھے چودہ فٹ ہوگئی، اٹاری، جمال کوٹ، سلیمانکی میں سیلاب سے بچاؤ کے کیمپ قائم کردیئے گئے ہیں، ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلئے انتظامیہ کو تیار رہنے کی ہدایت کردی۔

ترجمان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ صبح گیارہ بجے بڑھنا شروع ہوگا،این ڈی ایم اے نے وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیڑھ سے دو لاکھ کیوسک پانی پاکستانی حدود میں آسکتا ہے۔

ترجمان کے مطابق بھارت نے سرکاری طور پر تاحال پانی چھوڑنے کی کوئی اطلاع نہیں دی،گلگت بلتستان ڈی ایم اے اور دریائے سندھ کے اطراف انتظامیہ کو الرٹ جاری کردیا گیا۔

دوسری جانب پاکستان میں بھی بارشوں کے بعد دریاؤں میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، راجن پور میں کوٹ مٹھن کے مقام پر چار لاکھ چالیس ہزار کیوسک کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے۔ نارووال کے نالہ ڈیک میں درمیانے درجے کا، جب کہ ہیڈ مرالہ کے مقام پر دریائے چناب میں نچلے درجے کا سیلاب ہے۔

پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافے سے قریبی آبادیوں کا شہر سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا،راجن پور میں سیلاب کے باعث کچے کے علاقے میں درجنوں بستیاں زیر آب اور سیکڑوں ایکڑ کپاس کی تیار فصل کو بھی نقصان پہنچا۔