بلوچستان میں پاکستانی فورسز اور خفیہ اداروں کے اہلکاروں کی جانب سے گھروں میں چھاپے و گرفتاریاں روز کا معمول بن چکا ہے ۔
دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق گوادر کے علاقے دشت میں آج صبح پاکستانی فورسز اور خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے چھاپہ مار کر گھر گھر تلاشی کے بعد متعدد افراد کو حراست میں لے کر لاپتہ کردیا ۔
دشت کے فرنٹ بازار سے رفیق ولد لال بخش ،مجید ولد خدا داد ، محبوب ولد ابو الحسن، ریاض ولد داد محمد، نسیم ولد صالح محمد، درجان ولد مستری عبداللہ کو فورسز نے گرفتار کرکے لاپتہ کردیا ۔
فرنٹ بازار کے علاوہ دشت ھور میں فورسز نے آپریشن کرکے گھر گھر تلاشی لی ، تاہم اس علاقے سے کسی قسم کی گرفتاری کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ۔
واضح رہے کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پاکستانی فورسز کے ہاتھوں بلوچ آبادیوں پہ آپریشن اور گرفتاری و لاپتہ کرنے کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری ہے ۔
بلوچستان کے طول و عرض سے گرفتاری کے بعد لاپتہ ہونے والے افراد کی بازیابی کےلئے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے گذشتہ ایک دہائی سے پرامن احتجاج بھی جاری ہے ۔