بلوچستان بھر میں ڈاکٹروں نے ہڑتال کا اعلان کردیا

197

ینگ ڈاکٹرز ایسو سی ایشن کل سے تمام تر سروسز کو معطل کریں گے ایمرجنسی کے علاوہ کہیں پر بھی ڈیٹوٹیاں سر انجام نہیں دینگے۔

ینگ ڈاکٹرز ایسو سی ایشن بلوچستان کے رہنماؤں نے کل سے بلوچستان بھرکے سرکاری ہسپتالوں میں ہڑتال کا اعلان کردیا، ہڑتال کا اعلان سول ہسپتال کے گائنی وارڈ میں مشتعل افراد کی ڈاکٹروں پر تشدد کے خلاف کیا گیا ہے، ہڑتال میں تمام سینئر جونیئر ڈاکٹر شامل ہیں، آئے روز ڈاکٹروں کو سرکاری ہسپتالوں میں تشدد کا نشانہ بنا یا جاتا ہے مگر حکومت کی جانب سے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں اٹھا ئے جاتے اس بابت اکثر طفل تسلیوں سے کام لیاجاتا ہے ہڑتال ڈاکٹروں کی حفاظت کیلئے سیکورٹی ایکٹ اور جائز مطالبات کی سمری کی منظوری تک جاری رہے گا ان خیالات کااظہارینگ ڈاکٹرز ایسو سی ایشن بلوچستان کے صدر ڈاکٹر حمل بگٹی،جنرل سیکرٹری ڈاکٹر حنیف خان لونی، ترجمان ڈاکٹر رحیم بابر، سرفراز بلوچ اور دیگر ڈاکٹروں کے ہمراہ سول ہسپتال میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

ڈاکٹر رہنماؤں نے کہاکہ آج صبح سول ہسپتال کے گائنی وارڈ میں کچھ مسلح افراد نے گھس کر فی میل ڈاکٹروں کے ساتھ بد تمیزی کی اور ان کے سروں سے دوپٹے کھینچ کر ویڈیوز بناتے رہیں جس کے خلاف ینگ ڈاکٹرز نے پر امن احتجاج کیا جس پر کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں ایک قابل عمل سیکورٹی ایکٹ کے بغیر ہسپتالوں میں ڈیوٹیاں دینا ینگ ڈاکٹرز سمیت تمام ڈاکٹروں کیلئے نا ممکن ہے، ینگ ڈاکٹرز ایسو سی ایشن ڈاکٹروں کے عزت اور سیکورٹی پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتی آج گائینی وارڈ میں نا خوشگوار واقعہ پیش آیامشتعل افراد وارڈ میں داخل ہوئے اور ڈاکٹرز کے ساتھ بد تمیزی کی ہم نے ٹراما سینٹر سے اپنے احتجاج کا آغاز کیا عین احتجاج کے وقت مشیر کھیل دورے کے لیے پہنچے مشیر کھیل سے درخواست کی کہ اپنا دورہ ہمارے احتجاج کے بعد کریں۔

انہوں نے کہا کہ ینگ ڈاکٹرز اس طرح کے ماحول میں ڈیوٹیاں نہیں دے سکتے واقعے کے خلاف ینگ ڈاکٹرز ایسو سی ایشن کل سے تمام تر سروسز کو معطل کریں گے ایمرجنسی کے علاوہ کہیں پر بھی ڈیٹوٹیاں سر انجام نہیں دینگے، ہڑتال پورے صوبے کے سرکاری ہسپتالوں میں ہوگی کیونکہ جہاں ہماری جانوں کو خطرہ ہوگاوہاں ہم ڈیوٹی انجام نہیں دے سکتے ایمر جنسی کے علاوہ تمام شعبوں میں ڈاکٹرز اپنی خدمات انجام نہیں دیں گے ہڑتال میں پوری ڈاکٹر برادری ہمارے ساتھ ہے۔