بنگل مری کو گھر میں چھاپہ مار کر پاکستانی فورسز اور خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے گرفتار کرکے لاپتہ کردیا ۔
دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق ضلع ہرنائی کے علاقے شاہرگ سے مارچ دو ہزار انیس کو دوران چھاپہ پاکستانی فورسز اور خفیہ اداروں کے اہلکاروں کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد لاپتہ ہونے والے بنگل ولد صوبت خان مری کے لواحقین نے حکومتی اداروں سے اپیل کی کہ وہ ہمارے لاپتہ بیٹے کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رہا کردیں ۔
انہوں نے کہا کہ بنگل مری شاہرگ میں کوئلہ کانوں میں مزدوری کرتا تھا اور جب شام کے وقت گھر آیا تو اسے گرفتار کرکے لاپتہ کردیا گیا ۔
واضح رہے کہ بلوچستان کے طول و عرض سے اس وقت ہزاروں کی تعداد میں بلوچ پاکستانی فورسز اور خفیہ اداروں کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد لاپتہ ہوچکے ہیں ۔
لاپتہ افراد کی بازیابی کےلئے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے گذشتہ ایک دہائی سے پرامن احتجاج جاری ہے جبکہ مختلف قوم پرست جماعتوں کی جانب سے بھی لاپتہ افراد کی بازیابی کےلئے جدوجہد کی جارہی ہے۔