کیچ: فورسز کے ہاتھوں ایک شخص حراست بعد لاپتہ

74

بلوچستان میں جہاں سالوں سے لاپتہ کئی افراد بازیاب ہورہے ہیں وہی جبری گمشدگیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ضلع کیچ سے پاکستانی فورسز نے ایک شخص کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

ذرائع کے مطابق فورسز اہلکاروں نے گذشتہ رات کیچ میں تمپ کے علاقے سرنکن میں ایک گھر پر چھاپے کے دوران ایک شخص کو حراست میں لیا جس کی شناخت امتیاز بلوچ سکنہ آپسر کیچ کے نام سے ہوئی ہے۔

فورسز اہلکاروں نے مذکورہ شخص کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے جس کے بعد اس کے حوالے سے کسی قسم کی معلومات نہیں مل سکی ہے۔

بلوچستان میں جہاں ایک طرف سالوں سے لاپتہ کئی افراد بازیاب ہورہے ہیں وہی جبری گمشدگیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے جبکہ لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے آواز اٹھانے والی تنظیموں سمیت سیاسی جماعتوں کا کہنا ہے کہ بازیاب ہونیوالے افراد سے لاپتہ کیئے جانیوالوں کی تعداد زیادہ ہے۔

نیشنل پارٹی کے صدر ڈاکٹر عبدالمالک کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ جب تک بلوچستان کے مسائل کو سیاسی طور پر بیٹھ کر حل نہیں کرینگے تو ایک شخص کو بازیاب کرنے کے بعد مزید دس افراد کو لاپتہ کیا جائے گا۔