کوئٹہ: لشکری جھنگوی کا کمانڈر ساتھیوں سمیت مارا گیا – فورسز کا دعویٰ

522

دی بلوچستان پوسٹ نیوز دیسک کو موصول ہونے والی اطلااعات کے مطابق عسکری حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ سنٹرل جیل کراچی سے فرار ہونے والا کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی کا اہم کمانڈر اور مطلوب دہشت گرد شیخ ممتاز عرف فرعون ساتھیوں سمیت کوئٹہ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مشترکہ آپریشن میں مارا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق شیخ ممتاز دیگر ساتھیوں کے ہمراہ سنٹرل جیل توڑ کر فرار ہوگیا تھا۔

فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ خفیہ اداروں کے مشترکہ  آپریشن میں شیخ ممتاز دیگر تین ساتھیوں سمیت مارا گیا۔ شیخ ممتاز کے دیگر ساتھیوں میں ہنزلہ اور سمیر شامل ہیں جبکہ ایک انتہائی مطلوب شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔

حکام کے مطابق مشترکہ آپریشن میں ہلاک ہونے والا شخص کراچی میں پولیس اہلکاروں اور شیعہ ٹارگٹ کلنگ، جیل توڑنے اور سنگین نوعیت کے جرائم میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز کو مطلوب تھا۔ ہلاک شخص کی گرفتاری کے لئے سی ٹی ڈی کی  طرف سے مختلف علاقوں میں کاروائیاں جاری تھیں۔

واضح رہے کہ ستمبر 2017 میں مقامی ذرائع ابلاغ میں خبر آئی تھی کہ  سنٹرل جیل کراچی سے فرار ہونے والے خطرناک افراد افغانستان پہنچ گئے ہیں۔

ملزم شیخ محمد عرف فرعون اور احمد خان عرف منا کو 2013 میں سی ٹی ڈی نے گرفتار کیا تھا، ملزمان پر 33 سنگین مقدمات میں ملوث ہونے اور 40 افراد کو قتل کرنے کا الزام ہے جن میں زیادہ تر پولیس اہلکار اور شیعہ افراد شامل ہیں۔

ملزم احمد منا کو ایک کیس میں 10 سال قید کی سزا بھی ہوچکی تھی۔