کرکٹ ورلڈ کپ: بلوچستان کے حوالے سے فضائی کمپئین جاری

492

دی بلوچستان پوسٹ سوشل میڈیا رپورٹر کے مطابق برمنگھم میں میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے کرکٹ ورلڈکپ کے دوسرے سیمی فائنل میچ کے دوران ایک بار پھر بلوچستان کے حوالے سے کمپئین چلائی جارہی ہے۔

میچ کے دوران ہوائی جہاز کے ذریعے بلوچستان کے حوالے سے کمپین چلائی جارہی ہے۔

سوشل میڈیا میں جاری ہونے والی تصاویر اور ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہوائی جہاز کے ذریعے چلائے جانے والے اشتہار میں درج ہے کہ ’’دنیا بلوچستان کے حق میں بولے۔‘‘

یہ کمپین ورلڈ بلوچ آرگنائزیشن اور بلوچ ریپبلکن پارٹی کی جانب سے چلائی جارہی ہے ہہے جبکہ اسی نوعیت کے اشتہارات پاکستان اور افغانستان کے میچ دوران بھی چلائے گئے تھے۔

کمپین کے حوالے سے ورلڈ بلوچ آگنائزیشن کی جانب سے ٹویٹر پر کہا گیا ہے کہ اشتہارات کا مقصد بلوچستان میں انسانی حقوق کے سنگین خلاف ورزیوں کی جانب دنیا کی توجہ مبذول کرانا ہے۔

گذشتہ ماہ پاکستان اور ساوتھ افریقہ کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کے وقت بھی اسٹیڈیم کے باہر جبری گمشدگیوں کے حوالے سے آویزاں اشتہارات کو پاکستانی شائقین نے پھاڑ دیئے تھے جن کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا اور لندن پولیس اس حوالے سے پیش رفت کررہی ہے۔

یاد رہے بلوچستان میں جبری گمشدگیوں اور انسانی حقوق کے پامالیوں کے خلاف ورلڈ بلوچ آرگنائزیشن اور بلوچ ریپبلکن پارٹی کی جانب سے برطانیہ میں آگاہی مہم کا آغاز گذشتہ دنوں کیا گیا تھا جن میں مختلف طریقوں سے اشتہارات چلائے جارہے ہیں۔

پاکستان اور افغانستان کے میچ کے دوران اشتہارات چلائے جانے کے ردعمل میں آئی سی سی نے بیان جاری کیا تھا کہ اس واقعے کے خلاف لیڈز پولیس فورس کے ساتھ کام کریں گے اور یہ بھی یقینی بنایا جائے گا کہ یہ عمل دوبارہ نہیں ہو تاہم آج چلائے جانے والے اشتہارات کے حوالے سے تاحال کسی قسم کا ردعمل دیکھنے میں نہیں آیا ہے۔

ورلڈ بلوچ آرگنائزیشن کے نمائندے میر بہاول مینگل نے کہا ہے کہ یہ مہم لندن میں آنے والے سیاحوں کی توجہ حاصل کرنے اور ان کی توجہ بلوچستان میں جاری مظالم کی جانب مرکوز کرنے کے لئے چلایا جارہا ہے تاکہ انٹرنیشنل کمیونٹی پاکستانی اسٹیبلشمنٹ پر دباو ڈال کر جبری گمشدگیوں کا یہ سلسلہ ختم کرنے کے لئے کردار ادا کریں۔