پاکستان : سینٹ چیئرمین کو ہٹانے کے لیے اپوزیشن کی ریکوزیشن پر اعتراض جمع

219

سینیٹ سیکرٹریٹ نے چیئرمین صادق سنجرانی کو ہٹانے کے لیے اپوزیشن کی ریکوزیشن پر اعتراض لگا کر وضاحت مانگ لی۔

 تفصیلات کے مطابق سینیٹ سیکریٹریٹ کی جانب سے سینیٹر شیری رحمان کے نام لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ اپوزیشن نے سینیٹ کا اجلاس بلانے کے لیے دو ریکوزیشن جمع کرائی ہیں، اپوزیشن واضح کرے کہ کون سی ریکوزیشن پر اجلاس طلب کرنا ہے؟

سینیٹر شیری رحمان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ریکوزیشن جمع ہونے کے 4 دن بعد اعتراض لگانے کا مقصد کیا ہے؟ اعتراضات تاخیری حربہ ہیں اور سینیٹ کا اجلاس بلانے میں تاخیر غیر آئینی ہو گی۔

خیال رہے کہ اپوزیشن کی رہبر کمیٹی نے نیشنل پارٹی رہنما سینیٹر حاصل بزنجو کو چیئرمین سینیٹ کا متفقہ امیدوار نامزد کیا ہے اور اپوزیشن کی جانب سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو ہٹانے کے لیے تحریک عدم اعتماد بھی جمع کرائی جا چکی ہے۔

دوسری جانب حکومت اور اتحادیوں نے بھی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کو ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔