ورلڈ کپ : ویسٹ انڈیز نے افغانستان کو 23 رنز سے شکست دیدی

243

ورلڈکپ کے میچ میں ویسٹ انڈیز نے افغانستان کو 23 رنز سے شکست دیدی، 312 رنز ہدف کے تعاقب میں افغان ٹیم 288 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

لیڈز میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 311 رنز بنا ڈالے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے شائے ہوپ 77 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، ایون لوئس اور نکولس پورن نے 58، 58 رنز کی اننگز کھیلیں، جیسن ہولڈر نے 34 گیندوں پر 4 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 45 رنز بنائے۔

افغانستان کی جانب سے دولت زردان نے 2، سید شرزاد، محمد نبی اور راشد خان نے ایک ایک شکار کیا۔

جواب میں افغانستان کی پوری ٹیم 50 اوورز میں 288 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، اکرام علی خیل نے 86، رحمت شاہ نے 62 اور اصغر افغان نے 40 رنز کی اننگز کھیلی۔

ویسٹ انڈیز کے بولرز میں کارلوس بریتھویٹ نے 4، کیمار روچ نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، اوشین تھوماس اور کرس گیل نے ایک ایک شکار کیا۔