ورلڈکپ: انگلینڈ دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا

130
فوٹو بشکریہ آئی سی سی
برمنگھم: کرکٹ ورلڈکپ 2019 کے دوسرے سیمی فائنل میں میزبان انگلینڈ نے دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔

آسٹریلیا نے انگلینڈ کو جیت کے لئے 224 رنز کا ہد ف دے دیا جو اس نے 32.1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

انگلینڈ کا مقابلہ فائنل میں 14 جولائی کو نیوزی لینڈ سے ہوگا، دونوں ہی ٹیمیں اب تک کوئی ورلڈکپ نہیں جیت سکی ہیں اور اس بار دنیائے کرکٹ کو نیا ورلڈ چیمپئن ملے گا۔

برمنگھم کے ایجبسٹن گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلوی کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

اننگز کے آغاز پر قسمت نے آسٹریلیا کا ساتھ نہ دیا اور اس کی پہلی وکٹ 4 کے مجموعے پر گری اور فنچ بغیر کوئی رن بنائے آرچر کی گیند پر پویلین لوٹ گئے، ان کے بعد وارنر 9 کے مجموعے پر واکس کی گیند پر سلپ پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: کرکٹ ورلڈ کپ: بلوچستان کے حوالے سے فضائی کمپئین جاری

پیٹر ہینڈسکومب بھی پچ پر ٹک نہ سکے اور 4 رنز بنا کر واکس کی گیند پر پویلین کا رُخ کرلیا۔

چوتھی وکٹ پر کیری اور اسمیتھ نے ٹیم کو سہارا دیا اور اسکور کو آگے بڑھایا لیکن 117 کے مجموعے پر کیری 46 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جن کےبعد آنے والے اسٹوینیس بغیر کوئی رن بنائے راشد کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

جب ٹیم کا مجموعی اسکور 157تک پہنچا تو گلین میکسویل بھی 22 رنز بنا کر آرچر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے جس کے بعد اسٹیون اسمیتھ نے ذمہ درانہ بیٹنگ کی لیکن وہ بھی 217کے مجموعی اسکور پر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے اسمیتھ نے 85رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور بٹلر کے ہاتھوں رن آؤٹ ہو گئے۔

آخری اوورز میں مچل اسٹارک کے 29رنز کی بدولت پوری آسٹریلوی ٹیم49 اوور میں آؤٹ ہو گئی۔

انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس اور عادل رشید نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ آرچر نے 2اور مارک ووڈ نے 1 وکٹ حاصل کی۔

ورلڈکپ میں آسٹریلیا کو  صرف 2 مرتبہ شکست کا سامنا رہا ہے جب کہ انگلش ٹیم کو 3 میچوں میں شکست ہوچکی ہے۔

آسٹریلیا کی ٹیم سیمی فائنل میں آٹھویں مرتبہ جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی ہے اور اب تک 5 مرتبہ ورلڈ چیمپئن کا ٹائٹل اپنے نام کرچکی ہے۔

انگلش ٹیم پانچ مرتبہ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرچکی ہے لیکن 1992 کے طویل عرصے کے بعد انگلینڈ ٹیم اب سیمی فائنل میں پہنچی ہے۔

دونوں ٹیمیں 1975 میں ہونے والے پہلے ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں ایک دوسرے سے مقابلہ کرچکی ہیں جس میں آسٹریلیا نے انگلش ٹیم کو بدترین شکست دی تھی لیکن ویسٹ انڈیز کی ٹیم سے فائنل میں انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

یاد رہے گزشتہ روز مانچسٹر میں پہلا سیمی فائنل کھیلا گیا جس میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو شکست دے کر فائنل میں اپنی جگہ بنائی، آج کی فاتح ٹیم 14 جولائی اتوار کو نیوزی لینڈ سے فائنل میچ کھیلے گی۔