نوشکی سے متصل افغان سرحدی علاقے میں امریکی طیاروں کی بمباری

1094

امریکی جنگی طیاروں نے شوراوک اور ریگستان کے علاقوں میں متعدد مقامات پہ بمباری کی ہے۔

دی بلوچستان پوسٹ نمائندہ نوشکی کے مطابق گذشتہ شب نوشکی سے متصل افغان علاقے شوراوک میں امریکی جنگی طیاروں نے مسلح مذہبی شدت پسندوں کے متعدد ٹھکانوں پہ بمباری کی ۔

نمائندے کے مطابق دو دن قبل اسی علاقے میں مسلح افراد نے افغان سرحدی فورسز کے چوکیوں پر حملہ کیا تھا ، جس کے بعد گذشتہ شب طیاروں نے اندھا دھند بمباری کی ۔

مقامی ذرائع نے ٹی بی پی نمائندے کو بتایا کہ دو درجن سے زائد افراد کی لاشوں کو گاڑیوں کے ذریعے نوشکی کی طرف منتقل کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

دوسری جانب افغانستان کے جنوبی صوبے کندھار کے پولیس سربراہ نے میڈیا کو جاری کردہ اپنے ایک بیان میں دعوی کیا کہ طالبان کے ٹھکانوں پر بمباری کے نتیجے میں 60 کے قریب طالبان مارے گئے جبکہ 30 سے زائد زخمی ہوئیں ۔

پولیس سربراہ نے مزید کہا کہ مسلح شدت پسندوں کی لاشوں کو ڈیورنڈ لائن کے دوسری جانب منتقل کیا گیا ۔

تاہم کندھار پولیس سربراہ کے 60 مسلح شدت پسندوں کے مارے جانے کی دعووں کی آزاد زرائع سے تصدیق نہ ہوسکی ۔

خیال رہے کہ نوشکی سے متصل افغان علاقے شوراوک  میں طالبان کے علاوہ جماعت الدعوہ  کے مسلح کیمپس کی موجودگی کے اطلاعات  بھی ہیں۔