نوشکی سے لاپتہ عبدالرب کو بازیاب کیا جائے – وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز

199

وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کا کہنا ہے کہ نوشکی سے لاپتہ عبدالرب ولد حاجی عبدالمجید کو بازیاب کیا جائے۔

وی بی ایم پی نے سوشل میڈیا پر عبدالرب کے دو کمسن بچوں کی بھی تصاویر جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے بچے اپنے والد کے منتظر ہے۔

دی بلوچستان پوسٹ نمائندہ نوشکی کے مطابق عبدالرب ولد حاجی عبدالمجید کو 31 اگست 2018 کو فورسز اور خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے اس وقت حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا جب وہ نوشکی میں زنگی ناوڑ کے مقام پر پکنک منارہے تھے۔

بعدازاں عبدالرب کی گرفتاری میڈیا میں ظاہر کی گئی لیکن اس کے بعد سے وہ تاحال لاپتہ ہے۔

یاد رہے 31 اگست کو زنگی ناوڑ سے دیگر دس افراد کو بھی حراست میں لیا گیا جو تاحال لاپتہ ہیں جبکہ ان کے لواحقین وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے پاس جاکر اپنے پیاروں کے حوالے سے احتجاج ریکارڈ کرچکے ہیں۔

گذشتہ دنوں وی بی ایم کے وائس چیئرمین ماما قدیر بلوچ نے سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ‏سیاسی ورکروں پر دباؤ ڈالنے کیلئے ان کے رشتہ داروں کو غائب کیا جاتا ہے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا اب ان کاروائیوں، اغواء نما گرفتاریوں کو تحفظ پاکستان ترمیمی آرڈیننس کے نام سے لائنسس جاری کیا گیا ہے کہ جس کو جہاں بھی چاہے ریاستی ادارے قتل یا اغواء کرکے اپنی حراست میں رکھ سکتے ہیں۔