میڈیکل کلاسوں میں تاخیر، طلباء کوئٹہ پریس کلب کے سامنے کلاس لگائینگے – بی ایس اے سی

242

میڈیکل کالجز کے داخلہ لسٹ لگانے میں تاخیری حربے قبول نہیں – سلمان بلوچ

‎بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سلمان بلوچ نے اپنا ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ میڈیکل کالجوں میں کلاس شروع کرنے میں تاخیر کی جارہی ہے جس کی وجہ سے طلباء کا وقت ضائع ہو رہا ہے اس مسئلے پر طلباء نے احتجاج بھی کیا ہے اور حکام بالا کو بار بار اس مسئلے کی طرف متوجہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن حکمرانوں سمیت محکمہ صحت اور بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر کے کانوں میں جوں تک نہیں رینگتی اور یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے پہ در پہ تسلسل کے ساتھ غیر ذمہ داری اور نااہلی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے۔

‎سلمان بلوچ نے کہا کہ گذشتہ دو ہفتوں سے متاثرہ طلباء کی جانب سے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی بھوک ہڑتالی کیمپ بھی لگایا گیا ہے مگر ابھی تک کوئی پیش رفت نہیں ہو پا رہی بلکہ سابقہ ادوار کی طرح طلباء کو صرف جھوٹی تسلیاں
دی جا رہی ہے ۔

‎ان کا کہنا تھا کہ مکران، جھالاوان اور لورلائی میڈیکل کالجوں کے داخلہ لسٹ میں تاخیری حربے کسی صورت قبول نہیں ہے۔‎
طلباء کا وقت مزید ضائع ہونے سے بچانے کے لیے اعلیٰ حکام کو فوری طور حرکت میں آنا چاہیئے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی طلباء کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ان کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ اسی احتجاجی تسلسل کو مزید وسعت دینے کیلئے اور حکام بالا تک طلباء کی آواز پہنچانے کیلئے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے آٹھ جولائی سے احتجاجاً میڈیکل کے کلاسوں کا انعقاد کیا جائے گا اگر اس کے باوجود کوئی پیش رفت نہیں ہوئی تو بصورت دیگر ہم اپنے احتجاجی مظاہروں کا داہرہ کار کو مزید وسیع کریں گے ۔