ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر حمل بگٹی نے کہا ہے کہ جھالاوان میڈیکل کالج خضدار، مکران میڈیکل کالج اورلورالائی میڈیکل کالج کی حتمی لسٹیں فوری طور پرآویزاں کی جائیں بصورت دیگر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن دیگرتنظیموں کے ساتھ ملکر احتجاج کرنے پر مجبورہونگی۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو متاثرین آل میڈیکل سٹوڈنٹس کے ہڑتالی کیمپ میں اظہار یکجہتی کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کی۔
انہوں نے کہا کہ متاثرین آل میڈیکل سٹوڈنٹس گزشتہ ایک ماہ سے پریس کلب کے سامنے اپنے جائزمطالبات کے حق میں احتجاج پر لیکن میڈیکل کالجوں کی انتظامیہ کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ہے۔ جھالاوان میڈیکل کالج خضدار، مکران میڈیکل کالج اورلورالائی میڈیکل کالج کے وائس پرنسپل حتمی لسٹیں آویزاں کرنے سے لیت و لعل سے کام لے رہے ہیں جس سے طلباء و طالبات کا قیمتی وقت ضائع ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن اوردیگر ڈاکٹرز تنظیمیں اپنے چھوٹے موٹے اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے میڈیکل سٹوڈنٹس کے جائز مطالبات کے حل کیلئے کردارادا کریں۔انہوں نے متاثرہ سٹوڈنٹس کو ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔