موجودہ حکومت کو جعلی مینڈیٹ کے ذریعے عوام پر مسلط کیا گیا – مولانا فضل الرحمن

135
فائل فوٹو (کوئٹہ جلسہ)

مسترد لوگوں کو جبر کی بنیاد پرعوام پر مسلط کیا گیا ہم حکومت کا خاتمہ کرکے گھر واپس بھیجیں گے ۔

حکومت کو مہلت دے رہے ہیں اگست کے مہینے میں مستعفی ہو جائیں اگر استعفیٰ نہ دیا تو اکتوبر میں پورا ملک اسلام آباد میں ہو گا۔

 دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق کوئٹہ میں جے یو آئی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ 25 جولائی کو عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا، الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کرانے میں ناکام رہا جب کہ اپوزیشن جماعتوں نے تسلیم کیا کہ الیکشن جعلی ہیں، علی الاعلان کہتا ہوں آپ کو عوام پر مسلط کیا گیا ہے یہ جمہوری حکومت نہیں ہے اسے جعلی مینڈیٹ کے ذریعے عوام پر مسلط کیا گیا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ریاست کی بقاء کا مدار ملکی معیشت پر ہوتا ہے لیکن اس ناکام حکومت نے ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کردیا، ملکی معیشت کی کشتی ہچکولے کھا رہی ہے، بجٹ کے بعد پورے پاکستان کے تاجروں نے حکومت کی معاشی پالیسوں کے خلاف احتجاج کیا اور ملکی تاریخ کی کامیاب ہڑتال کی، دستاویزی معیشت مغربی ایجنڈہ ہے اور عالمی مالیاتی ادارے اس دستاویزی معیشت کے ذریعے گلی محلے کے ہر دکاندار تک پہنچنا  چاہتے ہیں۔

جے یو آئی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ کوئی بیوروکریٹ جمہوریت کے معنی نہ سکھائے ہم جمہوریت اور سیاسی ماحول کیساتھ کھڑے ہوئے، مسترد لوگوں کو جبر کی بنیاد پرعوام پر مسلط کیا گیا ہم حکومت کا خاتمہ کرکے گھر واپس بھیجیں گے، اگر ملک پر مسلط رہوگے تو آؤ دو، دو ہاتھ کر لیں۔

مولانا فضل الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ کوئٹہ میں آج ہمارا آخری ملین مارچ ہے اب اگلی بار اسلام آباد جائیں گے ان کو مہلت دے رہے ہیں اگست کے مہینے میں مستعفیٰ ہو جائیں اگر استعفیٰ نہ دیا تو اکتوبر میں پورا ملک اسلام آباد میں ہو گا، جس طرح انگریزوں سے آزادی حاصل کی ان سے بھی کریں گے۔