لیبیا : مہاجرین کے مرکز پر بمباری ، 40 افراد جانبحق 80 زخمی

120

اقوام متحدہ کی تسلیم کردہ لیبیائی حکومت کی وزارت صحت حکام کے مطابق دارالحکومت طرابلس میں بدھ کو علی الصباح غیر قانونی مہاجرین کے ایک حراستی مرکز پر فضائی حملے میں کم سے کم چالیس افراد ہلاک جبکہ 80 زخمی ہو گئے۔

 دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق وزارت صحت کے ترجمان مالک مرست نے کہا کہ فضائی حملہ طرابلس کے مضافات میں واقع تاجورا حراستی مرکز میں ہوا۔ یہ علاقہ دارالحکومت سے گیارہ کلومیٹر کی مسافت پر واقع ہے۔

مرست نے حملے کے بعد لی جانے والی متعدد تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی ہیں جن میں زخمی مہاجرین، جن کی اکثریت سیاہ فام افریقی ملکوں سے ہے، کو ایمبولینسوں کے ذریعے ہسپتال منتقل کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

طرابلس پر قبضے کے لئے ہونے والی لڑائی سے لیبیا دو ہزار گیارہ طرز کے پرتشدد تنازع کی لپیٹ میں آتا دکھائی دے رہا ہے جس میں تین دہائیوں تک ملک پر مطلق العنان حکمرانی کرنے والے آمر معمر قذاقی کے اقتدار اور زندگی کا خاتمہ ہوا ۔

یورپی یونین کے سرمایہ سے قائم ہونے والی مقامی فورسز کے ہاتھوں گرفتار کئے جانے والے ہزاروں غیر قانونی افریقی مہاجرین لیبیا کے حراستی مراکز میں قید ہیں اور ان دنوں ملک میں جاری جنگ کی وجہ سے وہاں پھنس کر رہ گئے ہیں۔

ان حراستی مراکز میں محدود پیمانے پر خوراک اور دوسری اشیاء ضروری باقی ہیں۔ بین الاقوامی امدادی اداروں نے مہاجرین کی دوبارہ آبادی کاری کے لئے انتظامات کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔