لسبیلہ: گیسٹرو کی وبا پھیلنے پر ایمرجنسی نافذ، طبی عملے کی چھٹیاں منسوخ

215

بلوچستان حکومت نے ضلع لسبیلہ میں گیسٹرو پر قابو پانے کیلئے ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے ڈاکٹروں اور دیگر عملے کی چھٹیاں منسوخ کردیں۔

بلوچستان حکومت کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی ہدایت پر سیکریٹری صحت نے ضلع لسبیلہ میں گیسٹرو کی وباء پر قابو پانے کے لئے ایمرجنسی نافذ کردی ہے اور تمام ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے انہیں ڈیوٹی پر موجود رہنے کی ہدایت کی ہے۔

اعلامیہ کے مطابق صوبائی سطح پر ایمرجنسی رسپانس کوآرڈینیٹنگ سیل بھی قائم کردیا گیا ہے اور ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ کو فوری طور پر ڈاکٹروں کی خصوصی ٹیمیں اور ادویات متاثرہ علاقوں میں بھجوانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ضلع لسبیلہ کے دو دیہاتوں میں اب تک بچوں اور خواتین سمیت گیسٹرو سے متاثرہ پندرہ افراد کو اسپتالوں میں منتقل کیا جاچکا ہے جنہیں علاج معالجہ کی سہولت فراہم کی جارہی ہیں جبکہ متاثرہ علاقوں میں میڈیکل آفیسرز، طبی عملہ اور پی پی ایچ آئی کی ٹیموں نے میڈیکل کیمپ قائم کرکے متاثرہ افراد کے علاج معالجہ کا آغاز کردیا ہے۔​