لسبیلہ: لاکھڑا میں بجلی لوڈشیڈنگ میں اضافہ، علاقے میں پانی ناپید

438

بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کے تحصیل لاکھڑا میں گذشتہ کئی روز سے بجلی معطلی کے باعث علاقے میں پانی کا بحران پیدا ہوگیا، عوامی حلقوں کا حکام بالاء سے نوٹس لینے کا مطالبہ

تفصیلات کے مطابق لاکھڑا میں کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اضافہ کردیا گیا ہے، گذشتہ کئی روز سے لاکھڑا فیڈر پر بجلی نہ ہونے کے باعث شدید گرمی کے موسم میں کے الیکٹرک کے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جبکہ بجلی کی طویل غیر اعلانیہ بندش کے سبب علاقے میں پانی کا بھی بحران پیدا ہوچکا ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ گذشتہ کئی روز سے لاکھڑا کے عوام کے لئے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا عذاب جاری ہے جس سے علاقے میں پانی کا بحران، فصلیں اور کاروبار تباہ ہو کر رہ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم حکام بالاء سے مطالبہ کرتے ہیں کہ لاکھڑا کی بجلی بحال کرنے کے لئے کے الیکٹرک انتظامیہ کو ہدایت جاری کی جائے اور طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔