پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر مسافروں کی آمد کے لیے مختص لاؤنج میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق 2 زخمی ہوگئے۔
فائرنگ سے ایئر پورٹ پر خوف و ہراس پھیل گیا اور گردو نواح کے علاقے کو بند کردیا جس سے ایئر پورٹ جانے اور آنے والے مسافر پھنس کر رہ گئے۔
فائرنگ کی اطلاع ملتے ہیں پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری ایئرپورٹ میں داخل ہوگئی جبکہ ریسکیو اہلکاروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے اور مقتول عمرہ کر کے وطن واپس آئے تھے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوئے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کے ایک ملزم کو حراست میں لیا جاچکا ہے۔
اس بارے میں کینٹ کے سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) صفدر رضا قاضی کا کہنا تھا کہ ایک زخمی کی حالت تشویشناک ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ ذاتی دشمنی کی بنا پر کی گئی تاہم اس سلسلے میں مزید تفتیش جاری ہے۔