قلات میں تیسرے روز بھی بارش، دیہی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع

369
File Photo

امیری، لہڑ سمیت متاثرہ علاقوں کے رابطہ سڑکیں بحال کی جائے – عوام کا مطالبہ

بلوچستان کے ضلع قلات میں گرج چمک کے ساتھ تیسرے روز بھی موسلا دھار بارش رہی،سیلابی ریلوں میں کئی سڑکیں بہہ جانے سے قلات سے امیری سمیت مختلف دیہی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع اور کئی زمینی بندات بھی بہہ گئے۔

تفصیلات کے مطابق قلات شہر اور گردونواح میں تیسرے روز بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، قلات شہر کے علاوہ رودینجو، ہربوئی،محمد تاوہ، بینچہ،کپوتو،سرخین، نیچارہ، سری،گرانی شہر سمیت مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش رہی جبکہ موسلادھار بارشوں سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

بارش کے باعث خترینزان سمیت مختلف علاقوں میں بندات بہہ گئے جبکہ امیری،پندران کش لہڑ خیجے،حادر کش،کاٹیلی سمیت دیگر دیہی علاقوں کی سڑکیں سیلابی ریلے میں بہہ گئیں جس کے باعث امیری سمیت مذکورہ علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوا ہے جبکہ تیسرے دن موسلا دھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

عوامی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر شیہک بلوچ و دیگر ذمہ داران سے امیری، لہڑ سمیت متاثرہ علاقوں کے رابطہ سڑکیں بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان راستوں کو بلڈوزر کے ذریعے فوری بحال کی جائے۔