فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی سروسز دنیا بھر میں متاثر

960

دنیا کی مقبول ترین سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک کے صارفین کو مختلف فیچرز استعمال کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

صارفین کو فیس بک ایپ اور ویب سائٹ مکمل طور پر ڈاﺅن ہونے کی بجائے مخصوص فیچرز کے استعمال میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

ویب سائٹس کی ٹریکنگ کرنے والی سائٹ ڈاﺅن ڈیٹیکٹر کے مطابق دنیا بھر میں صارفین کو مخصوص پوسٹس کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ پوسٹس میں تصاویر نظر ہی نہیں آرہیں، تاہم پیج ضرور لوڈ ہورہا ہے۔

دنیا بھر میں یعنی یورپ، امریکا، پاکستان، جنوبی امریکا اور ایشیا سمیت دیگر ممالک میں صارفین کو فیس بک کے استعمال میں مشکلات کا سامنا ہے۔

دوسری جانب فیس بک کی زیرملکیت میسجنگ اپلیکشن واٹس ایپ میں بھی صارفین مختلف مقامات پر تصاویر، ویڈیوز اور وائس پیغامات بھیجنے سے قاصر ہیں، تاہم ٹیکسٹ پیغامات سینڈ ہورہے ہیں۔

انسٹاگرام صارفین کو بھی اسی طرح کے مسائل کا سامنا ہے جس میں صارفین تصاویر پوسٹ کرنے سے قاصر ہیں بلکہ اکثر کے پاس وہ ایپ یا سائٹ ہی لوڈ نہیں ہورہی۔

ابھی یہ واضح نہیں کہ آخر فیس بک اور اس کی ایپس کو اس مسئلے کا سامنا کس وجہ سے ہے تاہم یہ رواں سال کے دوران تیسری بار ہے جب فیس بک کو بڑے پیمانے پر سائٹ کی بندش کا سامنا ہوا ہے۔

اس سے پہلے مارچ میں ایسا سروس کنفگریشن چینج کی بدولت ہوا جس کے ایک ماہ بعد فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کو ایک بار پھر اس تجربے کا سامنا ہوا اور اب ایک سال میں تیسری بار ایسا ہو رہا ہے۔

فیس بک نے اس حوالے سے کہا ہے کہ وہ صارفین کو پیش آنے والے مسائل سے آگاہ ہے اور ان کو جلد از جلد دور کرنے کے لیے کام کیا جارہا ہے۔

خیال رہے کہ فیس بک میں اس طرح کے مسائل متعدد ایپس کو متاثر کرتے ہیں جو اس سے جڑی ہوتی ہیں جبکہ دنیا بھر میں اربوں صارفین اس سے متاثر ہوتے ہیں، جو ان ایپس پر انحصار کرتے ہیں، خصوصاً معلومات کی ترسیل بہت مشکل ہوجاتی ہے۔