عمران خان کا دورہ امریکہ، جبری گمشدگیوں کیخلاف مہم شروع

271

پاکستانی وزیراعظم عمران خان سرکاری دورے پر امریکہ پہنچ گئے ہیں، پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ بھی ان کے ہمراہ ہے جبکہ 22 جولائی کو عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ملاقات کرینگے۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق پاکستانی وزیراعظم کے امریکہ پہنچنے پر بلوچ سیاسی جماعتوں کی جانب سے جبری گمشدگیوں کے خلاف مہم کا آغاز کیا جاچکا ہے۔

ورلڈ بلوچ آرگنائزیشن اور بلوچ ریپبلیکن پارٹی کی جانب سے چلائی جانے والی مشترکہ مہم میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے بلوچستان میں انسانی حقوق کی پامالیوں اور جبری گمشدگیوں کے خاتمے کے لیے کردار ادا کرنے کا کہا جارہا ہے۔

بلوچستان سمیت پاکستان کے دیگر صوبوں سندھ، خیبرپختونخواہ میں جبری گمشدگیوں کا مسئلہ سنگین صورتحال کرچکا ہے جبکہ پنجاب میں بلاگرز اور دیگر افراد کو جبری گمشدگیوں کے واقعات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

ورلڈ بلوچ آرگنائزیشن اور بلوچ ریپبلکن پارٹی کی جانب سے جبری گمشدگیوں کے خلاف یہ مہم برطانیہ میں شروع کیا گیا جس کو کرکٹ ورلڈکپ کے دوران خاصی پذیرائی ملی، جبکہ ورلڈ بلوچ آرگنائزیشن گذشتہ سال برطانیہ، سوئیزرلینڈ اور نیویارک میں ’’فری بلوچستان‘‘ کمپئین چلا چکی ہے۔