روس کا کرکٹ کو کھیل تسلیم کرنے سے انکار

126

کرکٹ کو تقریباً دنیا بھر میں 2 ارب افراد پسند کرتے یا دیکھتے ہیں مگر روس میں کھیلوں کی وزارت نے اسے باضابطہ کھیل تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے اپنے آفیشل کھیلوں کے رجسٹر میں درج کرنے سے منع کردیا۔

اس حوالے سے ماسکو کرکٹ اسپورٹس فیڈریشن کےرکن الیگزینڈر سروکن نے دعویٰ کیا ہےکہ یہ انکار کھیلوں کے رجسٹر میں اندراج کے لیے بنائی گئی ایپلیکیشن میں موجود غلطی کی وجہ سے ہوا ہے۔

انہوں نے ایک روسی خبر رساں ادارے ٹی اے ایس ایس کو بتایا کہ وہ اس حوالے سے کافی پرامید تھے مگر اب ان کی فیڈریشن اگلے سال دوبارہ کرکٹ کو رجسٹر میں درج کرنے کی درخواست کرے گی۔

آفیشل فہرست میں درج نہ ہونے کا مطلب روس میں کرکٹ پر پابندی نہیں ہے تاہم اس انکار کے بعد کرکٹ کو کھیلوں کی وزارت کی جانب سے امداد نہیں مل سکے گی۔

15 جولائی کو ہونے والے اس فیصلے میں تھائی باکسنگ کو بھی روسی وزارت کھیل نے باضابطہ کھیل ماننے سے انکار کیا ہے۔