دپیکا پڈوکون، ریتھک روشن اور ستے پہ ستہ

207
بولی وڈ اداکار ریتھک روشن اور اداکارہ دپیکا پڈوکون کا شمار ان اسٹارز میں کیا جاتا ہے جو دنیا بھر میں مقبول ہورہے ہیں تاہم ان دونوں نے آج تک ایک ساتھ کام نہیں کیا۔

لیکن اب ایسا لگ رہا ہے کہ یہ دونوں اداکار جلد ایک ساتھ فلم میں کام کرتے نظر آئیں گے۔

روہت شیٹھی اور فرح خان ایک ساتھ مل کر ایک پروجیکٹ تیار کررہے ہیں جس کا اعلان انہوں نے رواں سال فروری میں کیا تھا۔

روہت شیٹھی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی اور فرح خان کی ایک تصویر شیئر کی تھی جس پر انہوں نے اعلان کیا تھا کہ فرح خان سب سے بڑی ایکشن کامیڈی فلم کی ہدایات کرنے جارہی ہیں جس کی پروڈکشن روہت شیٹھی خود کریں گے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ دونوں 1980 کی کامیاب ایکشن کامیڈی فلم ‘ستے پہ ستہ’ کا ریمیک بنانے جارہے ہیں۔

یاد رہے کہ اس فلم میں امیتابھ بچن اور ہیما مالنی نے مرکزی کردار نبھائے تھے جبکہ اب اس فلم کے ریمیک میں ریتھک روشن اور دپیکا پڈوکون کو کاسٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

فرح اور روہت سے قریبی ذرائع کا کہنا تھا کہ ‘فرح اور روہت دونوں ہی اس فلم میں دپیکا پڈوکون کو کاسٹ کرنا چاہتے ہیں، کیوں کہ ان دونوں کو دپیکا بےحد پسند ہے اور وہ اس کردار کے لیے بھی بالکل صحیح انتخاب ہیں’۔

انہوں نے مزید کہا کہ ‘جب دپیکا پڈوکون نے ڈیبیو کیا تھا تو سب نے انہیں ہیما مالنی سے بہت ملایا تھا’۔

خیال رہے کہ دپیکا پڈوکو روہت شیٹھی کے ساتھ ‘چنائے ایکسپریس’ میں کام کرچکی ہیں، جبکہ فرح خان کے ساتھ انہوں نے ‘اوم شانتی اوم’ اور ‘ہیپی نیو ایئر’ میں کام کیا تھا۔

یہ تینوں ہی فلمیں باکس آفس پر کامیاب ثابت ہوئیں تھی۔

جہاں تک بات ریتھک روشن کی ہے تو وہ پہلے ہی اس فلم میں کام کرنے کی حامی دے چکے ہیں۔

ریتھک اس وقت اپنی فلم ‘سپر 30’ میں مصروف ہیں، جبکہ دپیکا کی اگلے سال ریلیز ہونے والی فلم ‘چھپاک’ پر بھی کام جاری ہے۔