وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے مطابق حکومت کو فراہم کی گئی باون لاپتہ افراد کے فہرست میں سے دس سال سے لاپتہ ایک نوجوان بازیاب ہوگیا ہے ۔
دی بلوچستان پوسٹ سوشل میڈیا مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق دس سال قبل نوشکی کے علاقے کیشنگی سے پاکستانی فورسز کے ہاتھوں لاپتہ ہونے مزار ولد اومیت بازیاب ہوکر اپنے گھر پہنچ گئے ۔
وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کی جانب سے جاری کردہ سوشل میڈیا پہ بیان کے مطابق تنظیم نے جب صوبائی حکومت سے مذاکرات کیے توحکومت کو پہلے لاپتہ کیے گئے باون لاپتہ افراد کی ایک فہرست دی تھی، اور تنظیم نے صوبائی حکومت سے اس فہرست پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا تھا۔
وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے بیان کے مطابق صوبائی حکومت نے اس لسٹ پر عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی تھی اور صوبائی وزیر داخلہ نے اس حوالے سے تنظیم کی وفاقی سطح پر بھی میٹنگ کروائی تھی اور وفاقی سطح پر بھی ہمیں یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ پرانے لاپتہ افراد کی کیسز پر کام ہو رہا ہے، ان میں پیش رفت ہوگی لیکن ان پر تھوڑا وقت لگے گا۔
بیان کے مطابق تنظیم کی لاپتہ افراد کے مسئلے پر حکومت کے ساتھ ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔
تنظیم کے بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ ہمارے باون والے فہرست ،جن میں سات سے لیکر سترہ سالوں سے لاپتہ افراد کے نام ہے،ان میں سے ایک لاپتہ شخص مزار خان دس سال کے بعد صحیح سلامت بازیاب ہو کر اپنے گھر پہنچ گئے۔