حاصل بزنجو کا چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو مستعفی ہونے کا مشورہ

321
چیئرمین سینیٹ کے لیے نامزد اپوزیشن کے متفقہ امیدوار میر حاصل بزنجو نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو مستعفی ہونے کا مشورہ دے دیا۔

میر حاصل بزنجو کا صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میں اسی دن ہی جیت گیا تھا جس روز میرا نام چیئرمین سینیٹ کے لیے تجویز کیا گیا تھا، چیئرمین سینیٹ کے لیے مجھے اپوزیشن کے 65 اراکین کی حمایت حاصل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چوہدری تنویر بیرون ملک ہونے کے باعث غیر حاضر ہیں جب کہ کامران مائیکل بھی پروڈکشن آرڈر پر ووٹ ڈالنے آئیں گے۔

حاصل بزنجو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صادق سنجرانی کے لیے تجویز ہے کہ وہ خود استعفیٰ دیدیں، یہ اُن کے حق میں اور ہمارے حق میں بھی بہتر ہے۔

دوسری جانب چیف وہپ پی ٹی آئی سجاد طوری کا کہنا ہے کہ چیئرمین سینیٹ استعفیٰ نہیں دے سکتے، ان کے استعفیٰ دینے سے متعلق خبریں من گھڑت ہیں۔

سجاد طوری نے مزید کہا کہ حکومت اور اتحادی چیئرمین سینیٹ کے ساتھ ہیں، وہ کیسے استعفی دے سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ اپوزیشن کی جانب سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی جا چکی ہے جبکہ حکومت نے جواب میں پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کر رکھی ہے۔

اپوزیشن کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کیلئے امیدوار حاصل بزنجو بلوچستان سے تعلق رکھتے ہیں اور وہ نیشنل پارٹی کے صدر ہیں جب کہ ان کی جماعت کی سینیٹ میں 5 نشستیں ہیں۔

چیئرمین سینیٹ کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد پر صدر مملکت نے ایوان بالا کا اجلاس یکم اگست کو طلب کر رکھا ہے۔