بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے ۔
ٹی بی پی نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق ژوب، چمن، قلات، خضدار، شیرانی اور لورالائی میں بارشوں کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا تاہم کئی علاقوں میں شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں،خضدار،ژوب، چمن،شیرانی،میختر اور ہرنائی میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے کوہ سلیمان کے پہاڑوں پر بارش اور ندی نالوں میں طغیانیوں کے بعد بلوچستان کا خیبر پختونخوا سے رابطہ منقطع ہوگیا میختر اور فورٹ منرو میں بارش کے باعث بلوچستان کا پنجاب کے ساتھ رابطہ منقطع ہوگیا۔
بلوچستان کے صنعتی شہر حب کے مختلف علاقوں سمیت گڈانی اور وندر میں بارش ہوئی جس سے علاقے کا موسم خوشگوار ہوگیا ۔
بارش کے بعد مختلف علاقوں میں سیوریج کا پانی شہر کی گلیوں اور سڑکوں پر جمع ہوا ، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
دریں اثناء ضلع نصیرآباد کے مختلف علاقوں ڈیرہ مرادجمالی، تمبو منجھوشوری، چھتر، حمید، میر حسن،نوتال اوراس کے گردونواح میں اتوار اور سوموار کی درمیانی شب گرج چمک کے ساتھ موصلادھار بارش ہوئی جس کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آگئے اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
تیز بارش کے سبب بجلی کا نظام دھرم برھم ہوگیا اورگریڈ اسٹیشن ڈیرہ مراد جمالی کے تمام فیڈر ٹرپ کرگئے جسے 9 گھنٹے بعد بحال کردیاگیا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیا ت کے مطابق بارشوں کا سلسلہ آئندہ چنددنوں تک جاری رہے گا۔