بلوچستان : مختلف جیلوں میں موجود 29 قیدیوں میں ایچ آئی وی کا انکشاف

214

بلوچستان کی جیلوں میں موجود 29 قیدیوں میں ایچ آئی وی کا انکشاف ہوا ہے، متاثرہ قیدیوں کا علاج شروع کردیا گیا ہے۔

 ٹی بی پی نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی خبر کے مطابق صوبائی ایڈز پروگرام کی جانب سے بلوچستان کی 11 جیلوں میں موجود 2300 قیدیوں کی اسکریننگ کی گئی جس کے بعد رپورٹ محکمہ داخلہ بلوچستان کو ارسال کردی گئی ہے۔

رپورٹ میں 29 قیدیوں میں ایچ آئی وی کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔ ایچ آئی وی قیدیوں میں 24سینٹرل جیل گڈانی،4 ڈسٹرکٹ جیل کوئٹہ میں جبکہ ایک ایچ آئی وی پازیٹو قیدی ڈسٹرکٹ جیل لورالائی میں قید ہے۔

صوبائی ایڈز کنٹرول پروگرام کے ترجمان ڈاکٹر نور کے مطابق ایچ آئی وی پازیٹو قیدیوں میں سے زیادہ تر نشے کے عادی افراد ہیں جن میں نشے کے لئے ایک ہی سرنج کے بار بار استعمال سے وائرس پھیلا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ محکمہ داخلہ کی درخواست پر صوبائی ایڈز کنٹرول پروگرام نے بلوچستان کی مختلف جیلوں میں ایچ آئی وی اسکرینگ کی، ایچ آئی وی میں مبتلا قیدیوں کا علاج شروع کردیا گیا ہے۔