بلوچستان: دو افراد کی لاشیں برآمد

279

دونوں افراد کو گولیاں مارکر قتل کیا گیا۔

بلوچستان کے ضلع نصیر آباد اور دکی سے دو افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہے جن کو گولیاں مارکر قتل کیا گیا۔ جن میں سے ایک شخص کو دو مہینے قبل سندھ سے لاپتہ کیا گیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق نصیر آباد سے ایک شخص کی لاش ملی ہے جس کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے، مقتول کی شناخت لالا ولد پیری بگٹی کے نام سے ہوئی ہے۔

مقتول کے خاندانی ذرائع کے مطابق لالا بگٹی کو دو مہینے قبل سندھ کے شہر جیکب آباد سے جبری طور پر لاپتہ کیا گیا تھا، انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ مقتول کو لاپتہ کرنے میں پاکستانی خفیہ ادارے ملوث ہیں۔

دریں اثنا دکی میں جنوبی بائی پاس کے علاقے سے نوجوان کی لاش برآمد ہوئی ہے۔

ایس ایچ او محمد رفیق کے مطابق مقتول کے ہاتھ پیچھے باندھ کر سر پر تین گولیاں ماری گئی ہیں جبکہ مذکورہ شخص کی شناخت گل میر ولد ضمیر استاد ساکن کلی پرانہ دکی کے نام سے ہوئی ہے۔

لاش کو سول ہسپتال منتقل کرکے ضروری کاروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی اور پولیس نے مقدمہ درج کرکے اس حوالے سے تفتیش شروع کردی ہے۔