ماہانہ بل کی ادائیگی کے باوجود بجلی سپلائی نہیں کی جارہی ہے – صارفین
دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ساحلی علاقے گوادر میں کیسکو کی جانب سے جاری اعلانیہ اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہری عاجز آگئے ہیں۔
اس سلسلے میں پسنی کے شہریوں نے بتایا کہ جب سے جون کا مہینہ شروع ہوا ہے پسنی میں بجلی کی بندش میں روز بروز اضافہ کیا جارہا ہے، دس سے بارہ گھنٹے بجلی کی بندش سے شہری مفلوج ہوگئے ہیں۔
شہریوں کے مطابق وہ کیسکو کو ماہانہ بل کی ادائیگی کرتے ہیں لیکن اس کے باوجود انہیں بجلی سپلائی نہیں کی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجگور میں بجلی لوڈشیڈنگ کے خلاف طلباء کا احتجاج
کیسکو ذرائع نے بتایا کہ ایران کی جانب سے صرف چالیس میگاواٹ بجلی فراہم کی جارہی ہے جس کی وجہ سے پورے مکران میں بجلی کی شارٹ فال ہے اسی وجہ سے دن کے اوقات بجلی کی سپلائی میں کمی کردی گئی ہے دوسری جانب شدید گرمی اور حبس کی وجہ سے پسنی شہر میں برف کی مانگ میں اضافہ ہوگیا ہے کیونکہ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے تمام الیکٹرانک آلات بند پڑے ہیں اور شہریوں نے ٹھنڈے پانی کے لیئے برف کا استعمال شروع کردیا ہے۔
یاد رہے گذشتہ دنوں گوادر میں بجلی لوڈشیڈنگ کے خلاف عوام کی جانب شاہراہ کو بند کرکے احتجاج کیا گیا تھا جبکہ اسی نوعیت کی صورتحال نوشکی سمیت بلوچستان کے دیگر علاقوں میں دیکھنے میں آئی ہے جہاں زمینداروں سے دیگر افراد بجلی بندش کے خلاف سراپا احتجاج ہے۔